عمران خان نے تحریک احتساب کے پلان کا اعلان کردیا

شائع 03 اگست 2016 05:00pm

اسلام آباد:تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کرپشن کے خلاف تحریک کے پلان کا اعلان کردیا۔ سات اگست کو پشاور سے پنجاب جائیں گے۔ تیرہ اگست کو راولپنڈی سے لاہور کی جانب مارچ کیا جائےگا۔ عمران خان  کا کہنا ہے کہ آئین میں درج وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت کا نظام ہی غلط ہے۔ حکمرانوں کو احتساب کے کٹہرے میں لائیں گے۔

عمران خان نے بنی گالہ میں پارٹی اجلاس کے بعد نیوزبریفنگ میں بتایا کہ سات  اگست سے شروع کی جانے والی احتجاجی تحریک جمہوری حق ہے، عوام سڑکوں پر نہ نکلے تو غربت کبھی ختم نہیں ہو گی، تیرہ اگست کو راول پنڈی سے اسلام آباد تک احتجاجی مارچ ہوگا، اسے پہلے سات اگست کو خیبرپختونخوا سے مارچ پنجاب آئے گا۔

عمران خان نے نگران حکومتوں، الیکشن کمیشن ارکان، نیب چیئرمین سمیت آئینی عہدوں پر تقرر سے متعلق آئینی طریقہ کار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا حکومت اور اپوزیشن میں مشاورت کا طریقہ کار ہی غلط ہے۔

عمران خان نے کہا کہ  وفاقی وزیر سعد رفیق کے حلقے سے بھی غیرمصدقہ ووٹ نکلے، جتنے حلقے کھولیں گے  ستر  فیصد ایسا ہی رزلٹ آئے گا ۔ دو ہزار تیرہ میں الیکشن کمیشن اور آر اوز ساتھ ملے ہوئے تھے، اب سب کچھ سامنے آتا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ پانامہ لیکس پر شروع ہونے والی تحریک احتساب اب نہیں رکے گی ، احتجاجی مارچ کے تیسرے مرحلے میں ہمارا رخ لاہور کی طرف ہو گا۔

Read Comments