Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
دمام:دمام میں پھنسے 8ہزار سے زائد پاکستانیوں کے حالات مزید سنگین ہوگئے ہیں، کئی کیمپوں میں اب تک کھانا بحال نہیں کیا گیا۔
سعودی عرب میں کساد بازاری کے باعث دیوالیہ ہونے والی 3کمپنیوں سے نکالنے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد 8ہزار ہوگئی ہے، کمپنیوں نے واجبات ادا کیے نہ خرچہ دیا بلکہ رہائشی سہولیات بھی واپس لے لی گئیں، اب یہ پاکستانی جدہ ، ریاض اور دمام کے 8کیمپوں میں مقیم ہیں جہاں خوراک کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔
سعودی عرب میں پاکستانی سفیر منظور الحق نے آج نیوز سے بات چیت میں بتایا کہ تین کیمپوں میں کھانا بحال کردیا گیا ہے جبکہ انتظامیہ نے باقی کیمپوں میں بھی کھانا بحال کرنے کی یقین دہانی کرادئی ہے۔
منظور الحق نے مسئلہ حل کرنے کےلئے سعودی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کی تفصیلات بھی بتائیں اور کہا کہ سعودی قیادت نے مسئلہ جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اس سے پہلے وزیراعظم نوازشریف نے سمندر پار پاکستانیوں کے وزیرکو فوری سعودی عرب جانے کی ہدایت کردی ۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق میاں نوازشریف نے کہا کہ سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی شکایات کو فوری ازالہ کیا جائے اورپاکستان بیت المال بھی پاکستانیوں کو مالی امداد فراہم کرے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دفترخارجہ معاملے کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ جمع کرائے۔