Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پائیدار امن کےلئے پرامن افغانستان ضروری ہے۔ افغان مہاجرین کی باعزت واپسی چاہتے ہیں، دہشتگردی سے نمٹنا مشترکہ ذمہ داری ہے۔وزیراعظم نوازشریف اور افغان صدر اشرف غنی نے ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس کی پانچویں وزارتی کانفرنس کا باقاعدہ افتتاح مشترکہ طور پر کیا۔افتتاحی خطاب میں وزیراعظم نوازشریف نے افغانستان کو ایشیا کا دل قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن کےلئے پرامن افغانستان ضروری ہے۔ وزیراعظم نے ایک بار پھر افغانسان کے دشمن کو پاکستان کا دشمن قرار دیا،وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنا مشترکہ ذمہ داری ہے، پاکستان نے آپریشن ضرب عضب شروع کیا جس کے خاطرخواہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان ایک خودمختار ملک ہے، ہمارے لئے پڑوسی سے بڑھ کر رہے، پاکستان افغان مہاجرین کی باعزت واپسی چاہتا ہے۔وزیراعظم نوازشریف نے ہارٹ آف ایشیا اسٹرکچر کو دیگر ممالک تک پھیلانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانفرنس افغان امن کےلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔