بلوچستان :کالعدم یونائٹیڈ بلوچ آرمی کے چھ دہشت گردگرفتار

شائع 04 اگست 2016 05:53pm

 

کوئٹہ :سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم یونائٹیڈ بلوچ آرمی کے چھ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا،گرفتار دہشت گردوں نے بم دھماکوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا۔

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے کالعدم یونائٹڈ بلوچ آرمی کی کمر توڑ دی۔مختلف کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم کے چھ اہم دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔کوئٹہ میں وزیر داخلہ بلوچستان سرفرازبگٹی نے آئی جی پولیس احسن محبوب کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

سرفراز بگٹی نے میڈیا کو سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بڑی کارروائی کے دوران کالعدم یو بی اے کا نیٹ ورک توڑ دیا گیا ہے،آپریشن میں کالعدم تنظیم کے چھ دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے،گرفتار دہشت گرد بم دھماکوں اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔

وزیرداخلہ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی میں بھارتی خفیہ ایجنسی را اور افغان ایجنسی این ڈی ایس ملوث ہیں،گرفتار دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور بم دھماکوں کا اعتراف بھی کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران سرفراز بگٹی نے کہا کہ آج سیاسی قیادت فورسز کےساتھ کھڑی ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان ثناءاللہ زہری آپریشنز کی خود نگرانی کررہے ہیں۔

 

Read Comments