نوا ز لیگ پر ایک مرتبہ پھر کرپشن کا الزام

شائع 04 اگست 2016 05:58pm

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نواز لیگ پر ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کا الزام لگادیا۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام باہر نہ نکلے تو ملک قرضے میں ڈوب جائے گا۔

پی ٹی آئی کی طرف سے اسلام آباد میں بلائے گئے مختلف شعبوں کے ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ پانامہ لیکس میں پھنسے شریف خاندان کے باہم متضاد بیانات ، قانونی گرفت کیلئے کافی ہیں، عمران خان نے ماضی میں اپنی برطانوی آف شور کمپنی پر بھی وضاحت کی اور کہاکہ ایسی کمپنیاں غیرقانونی نہیں ہوتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان نے چار سال کی جو آمدن ظاہر کی ہے وہ تو انکے لندن والے مےفیئر فلیٹ کا ایک ماہ کا کرایہ بھی نہیں،خیبرپختونخوا کی نسبت پنجاب میں فلائی اوور اڑھائی گنا زائد لاگت پر تعمیر ہورہے ہیں، کینسر تشخیص کی جو مشین شوکت خانم اسپتال نے چار ملین ڈالر میں منگوائی وہی لاہور کے سرکاری اسپتال کو چھ ملین میں ملی۔

سربراہ پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ قوم اب بھی کرپشن کے خلاف باہر نہ نکلی توملک نہ صرف قرض بوجھ میں ڈوب جائے گا بلکہ حکمرانوں کی بھاری کرپشن کبھی بے نقاب نہیں ہوگی۔

Read Comments