Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
واشنگٹن :امریکا نے ایک مرتبہ پھر پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ کردیا ۔ پینٹاگون کے بعد امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے بھی کہہ دیا کہ پاکستان دہشت گردوں کیخلاف مزید اقدامات کرے ، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک میں حملے کرنے والوں کو اپنی سرزمین استعمال کرنے نہ دے۔
پاکستان دہشت گردوں کیخلاف کتنے ہی موثر اقدامات کرلے لیکن امریکا ڈو مور کا راگ الاپتا رہتا ہے۔ اب امریکا کو اپنے اہم اتحادی پاکستان سے زیادہ اس کے پڑوسیوں بھارت اور افغانستان کی فکر لاحق ہے۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کےترجمان مارک ٹونر نے پاکستان کی دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا اعتراف تو کیا لیکن ساتھ ہی پڑوسیوں کیلئے خطرہ بننے والے دہشت گردوں کے خلاف مزید کارروائی پر زور بھی دیا۔
بریفنگ میں مارک ٹونر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو دہشت گردوں کیخلاف مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔امریکا ہمیشہ سے پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔
گزشتہ روز بھی پینٹاگون نے پاکستان کی تیس کروڑ ڈالر کی فوجی امداد کو یہ کہہ کر روک دیا کہ امریکا پاکستان کی افغان طالبان اور حقانی نیٹ کیخلاف کارروائی پر مطمئن نہیں۔ اور جب مارک ٹونر سے اس بارے میں پوچھا گیا تو جواب دیا کہ پینٹاگون نے پاکستان کو فوجی امداد جاری نہ کرنے کا فیصلہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے مشاورت کے بعد کیا۔