Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
کراچی:کراچی میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش نے موسم تو خوشگوار کردیا تاہم بلدیاتی نااہلی کا خمیازہ شہری بھگتنے پر مجبور ہیں۔
کراچی میں گزشتہ رات سے شروع ہوئی تیز بارشوں کا سلسلہ اب بھی وقفے وقفے سے جاری ہے ، بلدیاتی اداروں کی نااہلی کے باعث شہرکی بیشتر سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں ۔
مصروف شاہراہوں شاہراہ فیصل ، ایم اے جناح روڈ ، شاہراہ پاکستان ، آئی آئی چندریگرروڈ ،راشد منہاس روڈ سمیت دیگر سڑکوں کے بیشتر حصے دو دو فٹ پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں ، گاڑیاں بند ہوجانے کے باعث شہریوں کو دفاتر پہنچنے اور روز مرہ معمولات کی انجام دہی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تیز بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے، شہر کا تجارتی علاقہ بھی پانی میں ڈوبا ہوا ہے، پی ای سی ایچ ایس ، اورنگی ، بلدیہ ، نارتھ ناظم آباد ، ناظم آباد ، نیو کراچی ، نارتھ کراچی، لیاقت آباد ، ملیر ، کورنگی ، لانڈھی سمیت اولڈ سٹی ایریا کے کئی علاقوں میں گھنٹوں گھنٹوں پانی جمع ہے ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بلدیاتی مشینری وقت سے پہلے ہی فعال ہوجاتی توآج بارش زحمت کے بجائے ان کے لیے رحمت کا باعث بن جاتی ۔