Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
کوئٹہ:کوئٹہ میں خودکش حملے کے بعد ملک سوگ میں ڈوبا ہوا ہے ۔ بلوچستان میں شٹرڈاؤن ہڑتال ہے جبکہ صوبے کے تمام تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بھی بند ہیں ۔ صوبے کی تمام عدالتیں بند ہیں اور سرکار ی عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔
کوئٹہ میں دہشت گردی کے اندوہناک سانحہ ہر سوگ کا عالم ہے،واقعے میں بے گناہ جانوں کے ضیاع پر ہر شخص سوگوار اور ہر آنکھ اشکبار ہے
سول اسپتال دھماکے میں وکلا، صحافیوں اور عام شہریوں کی جانوں کے ضیاع پرسرکاری سطح پر سوگ منایا جارہا ہے،سرکاری اور نجی عمارتوں پر لگے قومی پرچم سرنگوں ہیں جبکہ دفاتر میں عملہ نہ ہونے کے برابر ہے ۔
سانحے کیخلاف کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ہو کا عالم ہے ، اہم شاہراہوں سے بھی ٹریفک غائب ہے۔
دھماکے کے بعد صوبے کی تمام عدالتیں بند ہیں جبکہ وکلا اپنے ساتھیوں کے بہیمانہ قتل عام کیخلاف سراپا احتجاج ہیں،شہر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بھی سوگ میں بند ہیں ۔
دھماکے میں جاں بحق ہونے والے کئی وکیلوں، صحافیوں اور شہریوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے،شہداء میں سے کچھ کی تدفین کوئٹہ اور کچھ کی آبائی علاقوں میں کردی گئی ہے۔