نیشنل ایکشن پلان کسی ایک جماعت کے خلاف نہیں،چوہدری نثار

شائع 28 دسمبر 2015 06:01pm

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کہتے ہیں نیشنل ایکشن پلان کسی ایک جماعت کے خلاف نہیں بلکہ پوری قوم کے لیے ہے۔ملک میں امن و امان کی بہترین صورتحال اسی پلان کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارکی زیر صدارت اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں نیشنل ایکشن پلان اور بین ا لاقوامی این جی اوز کی رجسٹریشن سے متعلق پیش رفت کا جائرہ لیا گیا۔اس موقع پر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کسی ایک جماعت کے خلاف نہیں بلکہ یہ قومی پلان ہے جسے پوری قوم کی حمایت حاصل ہے اور اس پلان پر پوری قوت و عزم سے عملدآمد جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی بدولت امن وامان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی اور دہشت گردی کے عفریت میں گھری قوم کا حوصلہ بھی بلند ہوا ہے۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر اعداد وشمار اکٹھے کرنے کے عمل کو مزید تیز اور منظم کیا جائے اور پلان کے ہر پہلو کی نگرانی کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جائیں جبکہ نکات پر پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی درجہ بندی کی جائے۔اجلاس کے دوران بین الاقوامی این جی اوز کی نئی پالیسی کے تحت منظوری دینے کے عمل کا باقاعدہ آغاز بھی کیا گیا۔

Read Comments