کوئٹہ:دہشت گردی،جج بال بال بچ گئے، تیرہ زخمی

شائع 11 اگست 2016 05:46pm

کوئٹہ :کوئٹہ میں دہشت گردوں نے ریمورٹ کنڑول حملے میں فیڈرل شریعت کورٹ کے جج ظہور شاہ وانی کے قافلے کو نشانہ بنایا۔ تاہم جج کی گاڑی گزرنے کے بعد دھماکا ہوا جس سے پولیس وین میں سوار پانچ اہلکاروں سمیت تیرہ افراد زخمی ہوگئے۔

کوئٹہ سول اسپتال میں بہترافراد کی جانیں لینے کے بعد انسانیت کے دشمنوں نے ایک بار پھر شہر پر وار کیا۔شرپسندوں نے ریمورٹ کنٹرول بم کے ذریعے جج ظہور شاہ وانی کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

تاہم دھماکا جج کی گاڑی گزرنے کے بعد ہوا، اور سیکیورٹی پر تعینات پولیس موبائل زد میں آگئی۔حملے میں پانچ پولیس اہلکاروں سمیت  تیرہ افراد زخمی ہوئے۔

دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی اور آئی جی ایف سی نے دھماکے کے مقام کا دورہ کیا۔میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ نے تصدیق کی کہ  دھماکا ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کا تھا۔

دھاکے سے چند گھنٹے قبل شہر کے مختلف علاقوں میں ایف سی، اینٹی ٹیررازم فورس اور پولیس کے سات سو پچاس جوانوں نے کومبنگ آپریشن کیا اور پینتیس مشتبہ افراد گرفتار کرلیے گئے۔

سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے رات گئے بلوڑی، سریاب، سیٹلائٹ ٹاؤن، نوا کلی، پختون آباد کے مختلف علاقوں کو گھیرے میں لے لیا اورگھر گھر تلاشی لی، تاہم اسکے باوجود دہشتگرد ایک بار پھر کارروائی کرگئے۔

Read Comments