Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے شہزاد خان کی بیوہ کو مکان فراہم کرنے اور بچوں کی کفالت کی یقین دہانی کرا دی گئی ہے۔
بلوچستان حکومت نے سانحہ کوئٹہ میں شہید کیمرہ مینز کی بیواؤں کو سرکاری نوکری دینے کا وعدہ پورا کردیا ہے۔ صوبائی وزیرداخلہ آج نیوز کے شہید کیمرہ شہزاد خان کے گھر پہنچے اور بیوہ کی تقرری کا لیٹر اہلخانہ کے حوالے کیا۔
آج نیوز کے کیمرہ مین شہزاد خان کے اہل خانہ کا دکھ بہت بڑا ہے۔اس کا کوئی مداوا نہیں کرسکتا، لیکن حکومت نے لواحقین کے زخموں پر مرہم رکھنے کی مثبت کوشش کی ہے۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہزاد خان کی صحافت کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گے۔
انھوں نے شہزاد خان کی بیوہ سے رابطہ کیا اور کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق، انھیں کوئٹہ ہی میں گھر فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بچوں کی کفالت بھی وفاقی حکومت کرے گی۔
صوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی بھی آج نیوز کے شہید کیمرہ مین شہزاد خان کے گھر گئے،انھوں نے اہل خانہ سے ملاقات کی اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا مانگی۔
سرفراز بگٹی نے شہید کی بیوہ کیلئے محمکہ قدرتی آفات میں گریڈ 16 میں تعیناتی کا لیٹر اہلخانہ کے سپرد کیا۔انھوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔
وزیرداخلہ نے ڈان نیوز کے شہید کیمرہ مین محمود خان کی اہلیہ کیلئے بھی سرکاری ملازمت پر تقرری کا لیٹر ان کے اہل خانہ کو دیا ہے۔