خیبر پختونخواکے مختلف شہروں سے 8 خطرناک ’دہشت گرد ‘گرفتار

اپ ڈیٹ 12 اگست 2016 08:18am

پشاور:خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے 8خطرناک ’دہشت گردوں‘کو گرفتار کرلیا،5 خود کش جیکٹس سمیت دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

سانحہ کوئٹہ کے بعد ملک بھر میں ’دہشت گردوں ‘کیخلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں۔

 اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ جمرود ضیا اللہ مروت نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ خفیہ اطلاع پر خاصہ دار اور لیویز فورسز نے خیبر ایجنسی کے علاقے شاہ کس میں کارروائی کی جس میں 4 ’دہشت گردوں‘کو گرفتار کرلیا گیا۔

 گرفتار ’دہشت گردوں ‘کے قبضے سے 5 خود کش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا،خودکش حملہ آور افغانستان سے داخل ہوئے تھے اور ان کا ہدف 14 اگست کے دن پشاور مین دھماکے کرنا تھا۔

اپردیر میں بھی جندری کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، کارروائی میں 2 مبینہ ’دہشت گردوں ‘کو گرفتار کرلیا گیا،  جن کے قبضے سے دستی بم اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

سوات کے علاقے کبل میں بھی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ’دہشت گرد ‘گرفتار کرلئے، ’دہشت گردوں ‘سے دستی بم اور واکی ٹاکی برآمد ہوئے ہیں۔

Read Comments