نیپ سے متعلق کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

شائع 15 اگست 2016 07:25pm

اسلام آباد:وزیراعظم نواز شریف کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق ہونے والی پیشرفت کا تفصیل ی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر ریٹائرڈ جنرل ناصر خان جنجوعہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو نیپ پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لے گی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے دوران دہشت گردوں کی فنڈنگ روکنے کے موجودہ طریقہ کار کا جائزہ بھی لیا گیا اور اسے مزید موثر بنانے کیلئے کوششیں بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

 اجلاس میں سرحدی انتظامات اور ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال کی بہتری کیلئے سول مسلح فورسز کے انتیس نئے ونگز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

 اجلاس میں حال ہی میں منظور کئے گئے سائبر کرائمز بل پر غور بھی کیا گیا اور سائبر کرائمز سے نمٹنے کے طریقہ کار پر جلد از جلد عملدرآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ناصر خان جنجوعہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو نیپ پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لے گی، کمیٹی سیکرٹری داخلہ، نیکٹا کے ڈائریکٹر جنرل ، تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز، آئی جی پیز اور بعض سیکرٹریوں اور وزیراعظم آفس کے ایڈیشنل سیکرٹری پر مشتمل ہوگی۔

 خفیہ اداروں کا ایک ایک نمائندہ ان کی معاونت کرے گا جبکہ ڈی جی ملٹری آپریشنز فوج کی نمائندگی کریں گے۔

 اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف ، وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر،  طارق فاطمی، ناصر خان جنجوعہ، ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان سمیت سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Read Comments