کراچی:ایم کیوایم کاشارع فیصل پرجاری احتجاجی دھرناختم کرنےکا اعلان

اپ ڈیٹ 17 اگست 2016 07:35am

 کراچی:گلستان جوہر کراچی سے کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف ایم کیوایم نے رات گئے شارع فیصل پر جاری احتجاجی دھرنے کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے غیر قانوں چھاپوں کیخلاف جلد مظاہروں کا اعلان کریں گے۔

ایم کیو ایم نے رات گئے کراچی میں شارع فیصل پر جاری احتجاجی دھرنے کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے گرفتار کارکنوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔

رابطہ کمیٹی کے رکن کنور نوید جمیل نے بتایا کہ گلستان جوہر میں ایم کیوایم کے ٹاؤن آفس پر سادہ لباس اہلکاروں نے چھاپہ مار کر کارکنوں کو گرفتار کیا۔

کنورنویدجمیل کا کہنا تھا کہ وہ سندھ حکومت سے مایوس ہوچکے ہیں،گرفتاریوں اور چھاپوں کا ہمیں کسی قسم کا تسلی بخش جواب نہیں دیا گیا۔احتجاجی دھرنا کے باعث شارع فیصل پر ٹریفک جام ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

ذرائع کے مطابق، بدترین ٹریفک جام میں متعدد گاڑیاں پھنس گئیں، جنہیں ہٹانے کے بعد ڈرگ روڈ سے ایئرپورٹ جانے والا ٹریک مکمل طورپر بحال ہوگیا۔ایم کیوایم کے اعلان کے بعد کارکن پرامن طور پر منتشرہوگئے جس کے بعد ٹریفک بحال ہوگئی۔

 ذرائع کے مطابق ،گزشتہ روز سادہ لباس اہلکاروں نے گلستان جوہر میں چھاپہ مار کر کونسلر سمیت 6 افراد کو گرفتار کیا تھا۔

Read Comments