ڈی آئی خان:ٹارچ کی روشنی میں سولہ آپریشن

شائع 18 اگست 2016 04:48pm

ڈی آئی خان :ڈیرہ اسمائیل خان میں ڈاکٹرز نے ٹارچ کی روشنی میں سولہ آپریشن کر ڈالے۔بجلی کے بغیر آپریشن کیسے کیا جاتا ہے؟۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈاکٹرز سے سیکھیں۔ جنہوں نے ٹارچ کی روشنی میں سولہ آپریشن نمٹادیئے۔ ڈاکٹرز  کا کہنا ہے کہ زندگیاں بچانے کے لئے یہ تمام آپریشنز لازمی تھے۔

پاکستان میں میڈیکل کی تاریخ کا انوکھا واقعہ ، ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈسٹرکٹ اسپتال میں بجلی غائب ہونے پر تاریکی کا راج رہا جبکہجنریٹرز بھی خراب رہے تاہم ڈاکٹرز نے انتہائی رسک لیتے ہوئے ، ٹارچ کی روشنی میں سولہ آپریشنز کرڈالے۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹراسپتال میں بجلی کی عدم فراہمی اور دیگر سہولیات کے فقدان کے باوجود ڈاکٹرز نے معجزہ کردکھایا۔

آپریشن تھیٹر میں بجلی چلی گئی گھپ اندھیرا چھا گیا،اور تو اور جنریٹرز بھی جواب دے گئے،مریض کی جان کیسے بچائی جاتی ۔ ایسے میں ٹارچ جلا لی گئی،ٹارچ کی روشنی میں مسیحاؤں نے اپنڈکس کے  دس کیسز سمیت سولہ آپریشنز کردیئے۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مریضوں کی جانیں بچانے کیلئے یہ آپریشنز ناگزیر تھے۔

ڈاکٹرز کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران جنریٹر بیٹھ بھی گیا،بجلی بھی کبھی آتی اور کبھی جاتی رہی لیکن ان نامناسب صورتحال میں بھی آپریشن نہیں روکے گئے۔اسپتال میں رکھے دو جنریٹرز میں سے ایک صرف وی آئی پی شخصیات کی آمد پر ہی استعمال کیا جاتا ہےجبکہ استعمال کے امور کیلئے استعمال ہونے والا جنٹریٹر جواب دہ چکا ہے۔

صرف بجلی کا ہی حال برا نہیں اسپتال میں کئی مشینیں ناکارہ ہوچکی ہیں،ان نامناسب حالات میں بھی مسیحا اپنا کام کررہے ہیں۔

Read Comments