لاہور میں تعمیراتی منصوبوں کے باعث ٹریفک کے مسائل

شائع 29 دسمبر 2015 12:47pm

لاہور:پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں تعمیراتی منصوبوں اور احتجاجی مظاہروں کے باعث ٹریفک کے مسائل نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ میٹروپولیٹن سٹی کے وارڈنز بھی ناکام نظر آتے ہیں۔

ملک کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنا ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔شہر میں زیرتعمیر اورنج لائن ٹرین،فلائی اوورز، انڈرپاسز سمیت جاری ترقیاتی منصوبے اور آئے روز احتجاجی مظاہروں نے نظام زندگی معطل کررکھا ہے۔سٹی واڑدنز کی جانب سے متبادل روٹس اور ٹریفک ریڈیو بھی ناکام نظر آتا ہے۔

شہر میں چیف ٹریفک آفیسر کی سربراہی میں تین ہزار سے زائد وارڈنز اور ایک ہزار کے قریب دیگر ٹریفک اہلکار کام کررہے ہیں تاہم تمام تر وسائل کے باوجود ٹریفک پولیس کا نیا نظام بھی صورتحال کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکا ہے۔

ٹریفک کے مسائل سے پریشان شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت اور ٹریفک پولیس کو تعمیراتی منصوبوں اور احتجاجی مظاہروں کی مناسبت سے بہتر انداز میں متبادل ٹریفک پلان مرتب کرناہوگا۔

Read Comments