ہم نے اکثر یہ محسوس کیا ہوگا کہ جب ہم سوتے ہیں اس کے کچھ دیر بعد اچانک لگتا ہے کہ جیسے ہم کہیں سے گر رہے ہیں، یا کہیں اونچائی سے پھسل گئے ہیں اور اس طرح ہم چونک کر اٹھ جاتے ہیں۔
لوگ اکثر یہ سوچتے ہیں کہ شاید یہ خواب ہے مگر در حقیقت یہ خواب نہیں بلکہ اس کا تعلق ہمارے پٹھوں سے ہے۔
ماہرین نے حالیہ ایک تحقیق میں اس بات کی وضاحت کی ہے کہ تقریبا 60سے70 فیصد لوگ اس کیفیت میں جاتے ہیں۔
اس کی وجہ کوئی بیماری نہیں اور نہ ہی یہ کسی خواب کے نتیجے میں ہوتا ہو۔ دراصل ہمارے پٹھے کھنچاؤکے باعث ہمارے جسم کو جھٹکے دیتے ہیں جس کی وجہ سے اچانک ہم اس کیفیت میں جاتے ہیں۔
بعض سائنسدانوں کے مطابق جب جسم بیداری سے نیند میں جاتا ہے تو پٹھے بتدریج پر سکون ہوتے جاتے ہیں ایسے میں دماغ پٹھوں کے اس طرح پر سکون ہونے کا غلط مطلب لیتا ہے اور سمجھتا ہے کہ شاید انسان کسی بلندی سے گر رہا ہے، اس طرح دماغ فورا پٹھوں کو رد عمل ظاہر کرنے کی تحریک کر دیتا ہے اور جھٹکے سے چونک کر اٹھ جاتے ہیں اور یہ ہی وجہ سے کہ انسانی جسم سوتے میں جھٹکے لیتا ہے۔