کراچی :متحدہ کے ہڑتالی کیمپ میں ن لیگ کے وفد کی آمد

شائع 20 اگست 2016 04:44pm

کراچی :کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے بھوک ہڑتالی کیمپ کا ن لیگ کے رہنماوں نے دورہ کیا۔کراچی میں جاری آپریشن اور لاپتہ کارکنان کی بازیابی کے لیے ایم کیو ایم کے بھوک ہڑتالی کیمپ کو آج چوتھا روز ہے۔

 کل جب وزیر اعظم نواز شریف کراچی تشریف لائے تو متحدہ کو امید ہوچلی تھی کہ شاید وزیراعظم ان کی بات سنیں گے لیکن ایسا نہ ہوا جس کی وجہ سے ایم کیو ایم رہنماوں کے لہجے میں مزید تلخی آگئی اور انہوں نے وفاق خصوصاً وزیراعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

کراچی آپریشن پر ایم کیو ایم کے تحفظات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں اور اسی حوالے سے متحدہ کی حکمراں جماعت سے ناراضگی بھی عیاں ہے۔وزیراعظم نے جمعہ کے روز کراچی کا دورہ کیا مگر ایم کیو ایم کو وقت نہیں دیا،متحدہ نے اس پر سخت ردعمل دیا۔

ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ شاید انہیں ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔

شاید متحدہ کی اسی شدید تنقید کا اثر تھا کہ مسلم لیگ ن کا وفد آج ایم کیو ایم کے بھوک ہڑتالی کیمپ پہنچا۔وفد میں مسلم لیگ ن سندھ کے صدر اسماعیل راہو، سینٹر نہال ہاشمی اور سلیم ضیا سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ن لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ متحدہ کے تحفظات وزیراعظم تک پہنچائیں گے اور انہیں حل کیا جائیگا۔اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ کراچی آپریشن تمام جماعتوں کی مشاورت سے امن کی بحالی کیلئے شروع کیا گیا۔

Read Comments