Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
لاہور:امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں سب سے سستی چیز غریب کا خون ہے۔ حمزہ شہباز کے حلقے میں چار سیاسی قتل ہو چکے لیکن کسی کا قاتل گرفتار نہیں ہوا۔
لاہور میں گزشتہ روز قتل ہونے والے جماعت اسلامی کے کارکن تنویر مرزا کی نمازجنازہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی زیر امامت ادا کی گئی۔ نمازجنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ جمہوری دور میں ایف آئی آر کٹوانا اتنا مشکل ہے کہ لاہور سے اسلام آباد تک احتجاجی ریلی نکالنا پڑتی ہے، اس ملک میں غریب کا خون سب سے سستا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کے حلقے میں چوتھا قتل ہوگیا ہے اور ابھی تک کوئی قاتل گرفتار نہیں ہوا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ تنویر مرزا کے قاتل گرفتار نہ ہوئے تو سمجھیں گے اس قتل میں حکومت کے بڑوں کا ہاتھ ہے،نمازجنازہ میں رہنما تحریک انصاف میاں محمود الرشید اور چودھری سرور سمیت جماعت اسلامی کے کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔