کراچی:دن دہاڑے خاتون گولیاں مار کے قتل کردی گئی

شائع 21 اگست 2016 05:05pm

کراچی:کراچی میں دن دہاڑے خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے گولیاں مار کر قتل کردیا گیا، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے نامعلوم افراد نے خاتون سے بچی چھیننے کی کوشش کی اور نہ دینے پر اسے مار دیا گیا، تاہم پولیس کا مؤقف ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔

لائنز ایریا کی رہائشی مقتولہ عقیلہ، چار بچوں کی ماں تھی۔جو گھر کے قریب ہی بچوں کی دوا لینے کیلئے نکلی تھی کہ جان سے گئی۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بچے اغواء کرنے کا تسلسل ہے۔

لوگ کہتے ہیں پولیس ان کی مدد کو تیار نہیں،تاہم پولیس کا مؤقف ہے واقعہ اغواء کا نہیں بلکہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کا شوہر سے جھگڑا تھا۔

علاقہ مکینوں نے پولیس کا مؤقف مسترد کردیااور خاتون کے قتل کیخلاف لائنز ایریا میں احتجاج شروع کردیا،

انتظامیہ اور پولیس کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔مظاہرین احتجاج کرتے ہوئے نمائش چورنگی پہنچے اور سڑک بلاک کردی۔

پولیس اور اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور علاقے کو کلیئر کرادیا۔معاملہ تو وقتی طور پر ختم ہوگیا، تاہم چار معصوم بچوں سے ان کی ماں ہمیشہ کیلئے جدا ہوگئی۔

Read Comments