نیت اچھی ہو تو اللہ تعالی کامیابی ضرور دیتا ہے،عمران خان

شائع 29 دسمبر 2015 03:10pm

پشاور:تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نیت اچھی ہو تو اللہ تعالی کامیابی ضرور دیتا ہے۔ ملک کا کوئی بھی عام شہری کینسر کا مہنگا علاج نہیں کر سکتا۔شوکت خانم میں ہر خاص و عام کا علاج کیا جائے گا۔

حیات آباد پشاور میں شوکت خانم کینسراسپتال کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پشاور میں شوکت خانم کی تعمیر کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔ آج کا دن میر ے لیے سب سے زیادہ خوشی کا دن ہے۔اس دن کا برسوں سے انتظار تھا۔

عمران خان نے کہا کہ والدہ کے علاج کے لیے میو اسپتال گیا تھا وہاں ایک محنت کش کو دیکھا جو کہ اپنے بھائی کے علاج کے لیے پیسے جمع کر رہا تھا۔ ملک میں غریب اور عام شہری کینسر کا علاج نہیں کر سکتا۔ شوکت خانم پشاور میں ہر عام و خاص کا علاج کیا جائے گا ۔

چیئرمین تحریک انصاف اندر خطاب کررہے تھے باہر ان کے خلاف بلدیاتی نمائندے اور طلبہ احتجاج کررہے تھے۔

بلدیاتی نمائندوں کا مطالبہ تھا،انہیں اختیار دیئے جائیں،ابھی تک انہیں اختیارات نہیں ملے ۔مظاہرین نے صوبائی حکومت کے خلاف نعری بازی بھی کی۔

Read Comments