متحدہ رہنماوں کی جانب سے الطاف حسین سے لاتعلقی کا اعلان متوقع

شائع 22 اگست 2016 08:17pm

کراچی :متحدہ قومی موومنٹ کے اہم رہنماوں کی جانب سے الطاف حسین سے لاتعلقی کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔ اطلاعات کے مطابق متحدہ رہنما فاروق ستار اور خواجہ اظہار الحسن بھی الطاف حسین سے لاتعلقی کا اظہار کرسکتے ہیں جبکہ دیگر رہنماوں کی جانب سے بھی اس حوالے سے رابطے جاری ہیں ۔

  دوسری جانب  کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو اور خورشید میموریل ہال کو تالے لگادیئے گئے ہیں۔ ۔ایم کیو ایم کیخلاف فیصلہ کن کریک ڈاون جاری ہے اور پہلے متحدہ کے رہنما عامر لیاقت کو آئی آئی چند ریگر روڈ سے حراست میں لیا تھا جس کے بعد نائن زیرو کے اطراف رینجرز کی بھاری نفری  پہنچ گئی تھی۔

 اب یہ نفری نائن زیرو میں داخل ہوگئی ہے اور اسکا کمیونیکیشن کا نظام بھی رینجرز حکام نے سنبھال لیا ہے ۔ آپریشن میں رینجرز اہلکاروں کی بڑی تعداد حصہ لے رہی ہے تاہم یہ اہلکار آپریشن کے دوران سیاہ نقاب پہنے ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق رینجرز اہلکار نائن زیرو کی تلاشی لے رہے ہیں اور ابتدائی طور پر تین افراد کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ان کارکنوں اور رہنماوں کو حراست میں لیا جائے گا جو کہ متحدہ قائد الطاف حسین کی تقریر کے دوران موجود تھے، تاہم اب اطلاعات کے مطابق ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کو سیل کردیا گیاہے ۔

Read Comments