ایم کیوایم رہنماؤں کے پاکستان کے دفاع میں بیانات آنا شروع

شائع 23 اگست 2016 05:30am

کراچی:قائد ایم کیو ایم کی پاکستان مخالف تقریر کے بعد ایم کیو ایم رہنماؤں کے پاکستان کے دفاع میں بیانات سامنے آنا شروع ہوگئے۔

ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں واضح کیا کہ وہ صرف اور صرف ایک پاکستان پر یقین رکھتے ہیں، ان کے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے اور کوئی نہیں۔

 ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا بھی مختصر ٹوئٹ سامنے آیا، ان کا ٹوئٹ تھا کہ پاکستان زندہ آباد تھا اور رہے گا خدا حافظ ۔

ایم کیو ایم  رہنما بابر غوری نے بھی ٹوئٹر پر ہی پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگادیا، فیصل سبزواری نے بھی ٹوئٹر پر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگادیا۔

سینیٹر طاہر مشہدی نے ٹوئٹ کیا کہ انہیں پاکستان کی خدمت کرنے پر فخرہے، وہ  اپنےپیارے ملک کی خدمت کرتے رہیں گے اور اس عظیم ملک کو کبھی نقصان نہیں پہنچائیں گے۔

 رکن سندھ اسمبلی سید خالد احمد نے بھی  پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا، ان کا ٹوئٹ تھا کہ اپنی تو پہچان یہی تھی، ہر پہچان سے پہلے بھی، پاکستان کے شہری تھے ہم ، پاکستان سے پہلے بھی۔

سیلم شہزاد نے بھی پاکستان زندہ باد کا ٹوئٹ کیا ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے پاکستان ہے اور یہی فائنل ہے۔ ایڈووکیٹ سلمان مجاہد نے بھی اپنے سے منسوب بیان ری ٹوئٹ کیا کہ وہ محب وطن پاکستانی ہیں اور پاکستان کے ہی وفادار رہیں گے۔

Read Comments