نائن زیرو سمیت سندھ بھرمیں ایم کیو ایم کے دفاتر سیل

اپ ڈیٹ 23 اگست 2016 09:54am

کراچی:ایم کیوایم قائد الطاف حسین کی پاکستان مخالف تقریراورنجی چینلزکے دفاترپرحملوں کے بعد نائن زیرو سمیت سندھ بھرمیں ایم کیو ایم کے دفاتر سیل کردیئے گئے۔فاروق ستار سمیت اہم پارٹی رہنماؤں کو بھی گرفتارکرلیا گیا۔

کراچی میں بھوک ہڑتالی کیمپ سے ایم کیوایم کے قائد کے اشتعال انگیز خطاب نے سب کو ہلا کر رکھ دیا۔پاکستان مخالف تقریراورنجی چینلزپر حملے کے بعد رینجرز ایکشن میں آگئی اور ایم کیو ایم کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا ۔

ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار، خواجہ اظہارالحسن کے ہمراہ پریس کانفرنس کیلیے پریس کلب پہنچےلیکن وہاں موجود رینجرز اہلکار انہیں اپنے ساتھ لے گئے۔

رینجرز نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں عامرلیاقت حسین، کنورنویدجمیل، قمرمنصوراور شاہد پاشا سمیت دیگرکو بھی گرفتار کرلیا۔

رینجرز اہلکاروں نے رات گئے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو کا گھیراؤ کیا اور گھر گھر تلاشی لی ۔ رینجرز نے نائن زیرو اور اس سے متصل دیگر شعبہ جات کے دفاتر بھی سیل کردیئے۔3 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے ایکشن میں مواصلاتی نظام کے آلات اورنائن زیرو کا سارا ریکارڈ تحویل میں لے لیا گیا۔

رینجرز نے کراچی سمیت سندھ بھرمیں بھی ایم کیوایم کے دفاتر پر چھاپے مارےاور حیدرآباد، میرپور خاص اورٹنڈوالہیار سمیت دیگر شہروں کے زونل ،سیکٹراوریونٹ دفاترکو سیل کردیا گیا ۔

دوسری جانب ایم کیوایم کے ویب ٹی وی اور ویب سائٹ کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

Read Comments