Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
راولپنڈی :آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں سمیت ملک بھر سے دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہوں اور ہمدردوں کا چن چن کرمکمل خاتمہ کیا جائیگا، پاک سرزمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے جبکہ مقامی فوجی کمان کو ہدایت کی کہ افغان اور نیٹو فورسز کے تعاون سے سرحدی انتظام بہتر اور ہر آنے جانے والے کی بلاامتیاز چیکنگ اورفوجی پوزیشنزمستحکم بنائی جائے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کرم ایجنسی اورہنگو کی تحصیل ٹل کا دورہ کیا اور وہاں آپریشن میں مصروف فوجی افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔
کرم ایجنسی پہنچنے پر کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن نے آرمی چیف کا خیرمقدم کیا،آپریشن کمانڈر نے آرمی چیف کو کرم ایجنسی میں دہشت گردوں کیخلاف جاری فوجی اورانٹیلی جنس آپریشنزمیں پیشرفت پرتفصیلی بریفنگ دی۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جاری آپریشنزاور اس کے نتیجے میں بہترہوتے ماحول پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فوجی دستوں کو اُن کے عزم اورپیشہ وارانہ مہارت پر خراج تحسین پیش کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ آپریشنز کے نتیجے میں دہشت گردوں اور اُن کے ہمدردوں کا مکمل صفایا ہورہا ہے، جوں جوں قبائلی علاقوں میں آپریشنز کی کامیابیوں کو مستحکم کیا جائیگا، پورے ملک اور فاٹا سے دہشت گردوں کی باقی مانندہ خفیہ پناہ گاہوں اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کا بھی چن چن کرصفایا کردیا جائیگا۔
سپہ سالارنے واضح کیا کہ آپریشنز بلاتفریق ہرجگہ جاری ہیں، اِس موقعے پرآرمی چیف نے سرحدی انتظام بہتربنانے، سرحدی گزرگاہوں پرکڑی نظررکھنے اورفوجی دستوں کی نئی پوزیشنز اور بنیادی ڈھانچے کومستحکم بنانے کی ہدایت کی۔ آرمی چیف نے زور دیا کہ مقاصد کے حصول کیلئے افغان اور نیٹو افواج کیساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنایا جائے۔