شائع 25 اگست 2016 11:56am

ان عادات کو اپنائیں اور اپنی شخصیت کو پرسکون بنائیں

اکثر لوگوں کی زندگیوں میں ایسا وقت آجاتاہے کہ وہ بہت اداس ہوجاتےہیں  اور ان کا کوئی بھی کام کرنے کا دل نہیں چاہتا،ان افراد کو ہر چیز ادھوری اور  سب کچھ نامکمل لگتا ہے۔

لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں کہ جن کی زندگی میں کتنے بھی مشکل حالات آجائیں ، وہ پرسکون ہی رہتے ہیں اور اپنے روزمرہ کے کام کو جاری رکھتے ہیں۔

پرسکون مزاج اور شخصیت والے افراد کیسے اتنا پرسکون رہ لیتے ہیں اور ان افراد  کے پرسکون رہنے کے پیچھے کیا راز ہے؟ یہ آج ہم آپ کو بتائیں گے۔

٭ پرسکون افراد خیالی دنیا میں زیادہ رہتے ہیں۔ ماہرین کا ماننا ہے جو افراد اپنے دماغ میں خیالی دنیا بناتے ہیں وہ ذہنی دباؤ کا کم شکار ہوتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ذہنی دباؤ کو ختم کرنے کا سب سے آسان طریقہ یہی ہے کہ آپ ان چیزوں کے بار ے میں سوچیں جو آپ کو اچھی لگتی ہیں۔ اس سے آپ کا دماغ فریش ہوگا اور اچھا محسوس کریں گے۔

٭ پرسکون مزاج کے لوگ کبھی بھی اپنے کام کو لےکر پریشان نہیں ہوتے۔ ان کے پاس جتنا بھی کام موجود ہوتا ہےوہ اس کو وقت پر ختم کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور وقت پر نہیں ختم ہوپاتا تو اگلے دن کےلیے رکھ دیتے ہیں۔ لیکن کام ختم نہ ہونے پر گھبراہٹ کا شکار نہیں ہوتے۔

٭ اگر آپ پرسکون شخصیت اپنانے چاہتے ہیں تو کسی بھی کام کو لےکر پریشان نہیں ہوا کریں بلکہ  ہر کام کو بہت جوش اور ولولے کے ساتھ کیا کریں۔

٭ کچھ لوگوں کا خیال ہوتا ہے کہ ورزش کرنے سےآپ کا ذہنی دباؤ ختم ہوجاتا ہےلیکن مزاج کو  پرسکون بنانے میں نیند کا اہم کردار ہوتا ہے۔ اگر آپ ساری رات نہیں سوسکے تو ورزش سے بہتر قیلولہ ہے، تھوڑی دیر کی نیند آپ کا ذہنی دباؤ باآسانی ختم کرسکتی ہے۔

٭ اگر آپ ہر وقت ذہنی دباؤ میں رہتے ہیں تو آپ کو چاہیئے کہ آپ روزانہ کی  بنیاد پر مراقبہ کیا کریں۔ اس سے آپ کو ذہنی سکون حاصل ہوگا اور آپ کو اپنی پریشانیوں سے مکمل نجات مل جائے گا۔

٭ اکثر لوگ پریشانی کی وجہ سے صحیح طرح سے نیند نہیں پوری کرپاتے۔اگر نیند پوری نہ ہونے کے باعث آپ سستی کا شکارہیں اور ساتھ ساتھ ذہنی دباؤ میں بھی ہیں تو تھوڑی دیر کی نیند لینے کے بعد کافی پی لیں۔ اس عمل سے آپ کی سستی دور ہوجائے گی اور ذہنی دباؤ بھی کم ہوجائے گا۔

٭ اگر آپ خوش اور پرسکون رہنا چاہتے ہیں تو صرف اپنے حال پر توجہ دیں، باقی ماضی اور مستقبل کے حوالے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔بے مقصد سوچوں سے آپ کا موڈ الگ خراب ہوتا ہے اور آپ ذہنی دباؤ کا بھی شکار ہو جاتے ہیں۔ لہذا جو حال میں ہورہا ہے اس پر توجہ دیں اور باقی چیزوں کو بھول جائیں۔

Read Comments