نواز شریف سے اربوں روپے کا حساب لینگے،عمران خان

شائع 25 اگست 2016 02:52pm

چکدرہ: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان  نے کہا ہے کہ تین ستمبر کو لاہور پہنچ کر نوازشریف سے اربوں روپے کا حساب مانگیں گے، اگلے ہفتے سپریم کورٹ بھی جائیں گے، وزیراعظم جب تک جواب نہیں دیں گے عمران خان اور تحریک انصاف انکا پیچھا نہیں چھوڑے گی۔

لوئردیر کے علاقے چکدرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان ایک بار پھر وزیراعظم نوازشریف پر برس پڑے بولے، سربراہ کرپٹ ہو تو بدعنوانی نیچے تک جاتی ہے، تین ستمبر کو لاہور پہنچ کر نوازشریف سے اربوں روپے کا حساب لیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ نوازشریف جب تک جواب نہیں دیں گے عمران خان اور پی ٹی آئی انکا پیچھا نہیں چھوڑے گئی۔کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ ہم بھول جائیں گے، اگلے ہفتے سپریم کورٹ بھی جائیں گے۔

عمران خان نے خیبرپختونخوا کے خوب گن گائےاور بولے پہلی بار  چونتیس ہزار بچے پرائیوٹ سے سرکاری اسکولوں میں گئے۔پولیس سمیت تمام اداروں میں میں این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی ہوتی ہے،اب ایزی لوڈ کا دور ختم ہوگیا ہے۔

ن لیگ پر میگا پروجیکٹس کے حوالے سے شدید تنقید کرنے والے عمران خان نے کہا کہ سوات موٹر وے کی تکمیل سے عوام کی تقدیربدل جائے گی،انہوں نے کہا کہ  تین سال ہوگئے مریم شریف کے موٹو گینگ کو چیلنج کرتا ہوں کے پی کے میں کرپشن کا ایک بھی بڑا کیس دکھا دیں۔

عمران خان نے بلدیاتی نظام کے عمل میں دشواریوں کا بھی اعتراف کیا، تاہم انکا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندوں کی مشکلات جلد کم کریں گے۔

Read Comments