حیدرآباد: متحدہ قائد کی تصاویر ہٹادی گئیں

شائع 25 اگست 2016 04:16pm

حیدرآباد: حیدرآباد کے مختلف علاقوں سے بھی ایم کیو ایم کے قائد کی تصاویر ہٹا دی گئی ہیں اور انکے نام سے منسوب یونیورسٹی کیلئے لگائے گئے بورڈز بھی گرادیئے گئے جبکہ میڈیا ہاؤسز پر حملوں اور اشتعال انگیز تقریر کیخلاف کئی شہروں میں مظاہرے بھی ہوئے۔

حیدرآباد کے علاقوں لطیف آباد نمبر چھ، سات،آٹھ اور نو سے شاہراہوں، عمارتوں اور کھمبوں پر لگیں بانی ایم کیو ایم کی تصاویر اتاردی گئیں۔کئی جگہوں پر نامعلوم افراد نے ان تصاویر کو پھاڑ بھی دیا۔

گلستان سرمست میں ایم کیوایم کے قائد کے نام سے منسوب یونیورسٹی کے بورڈز بھی اکھاڑ دیے گئے۔دوسری جانب مختلف شہروں میں ملکی سالمیت کیخلاف تقاریر اور میڈیا ہاؤسز پر حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے، گوجرانوالہ میں بھی مذہبی و سیاسی جماعتیں سراپا احتجاج تھیں،

شرکا کا کہنا تھا کہ حکومت قائد ایم کیو ایم کیخلاف فوری کارروائی کرے۔

جیکب آباد میں تحریک انصاف نے پٹھان ہاؤس سے ریلی نکالی ، شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر پاکستان زندہ باد کے نعرے درج تھے۔

قائد ایم کیو ایم کی جانب سے پاکستان مخالف بیان کیخلاف سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت انجمن تاجران نے احتجاجی ریلی نکالی۔

شرکا نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کیخلاف بولنے والوں کو پھانسی دی جانی چاہیئے۔

Read Comments