کراچی :ایم کیو ایم کے کئی دفاتر سیل اور متعدد مسمار

شائع 26 اگست 2016 02:42pm

کراچی :کراچی میں ایم کیو ایم کے ایک سو چھیانوے اور حیدر آباد میں چوراسی دفاتر سیل کردیئے گئے جبکہ متعدد غیر قانونی دفاتر گرا  دیے گئے،الطاف حسین کی تصاویر کا صفایا بھی کردیا گیا۔ایم کیوایم کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کے بعد اب غیرقانونی طور پر قائم متحدہ کے یونٹ اور سیکٹر آفسز کو توڑنے کا عمل جاری ہے۔

 دوسرے روز کراچی کے میدانوں، پارکس اور سرکاری عمارتوں میں قائم متحدہ کے دفاتر مسمار کردیئے گئے، شہر کے چوک، شاہراہوں اور عمارتوں پر لگی ایم کیوایم قائد کی تصاویر بھی ہٹا دی گئیں۔

 قانون نافذکرنے والے اداروں نے شہرکے کئی علاقوں میں متحدہ کےدفاترمسماراورسیل کردیئے۔بھینس کالونی، گلشن معمار، سچل، سکھن، ملیر،شاہ فیصل کالونی اوراحسن آباد میں ایم کیو ایم کے غیرقانونی دفاترکو گرادیاگیا۔ تمام دفاترزمینوں پر قبضہ کرکےقائم کیے گئے تھے۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ پاکستان چوک پر پہنچےاور وہاں قائم متحدہ قومی موومنٹ کا یونٹ آفس سیل کردیاجبکہ لیاری بہارکالونی  میں واقع سیکٹرآفس کو تلاشی کے بعد سیل کردیاگیا۔

ایم کیو ایم قائد کی پہچان سمجھے جانے والےمکا چوک کا نام بھی تبدیل کرکے لیاقت علی خان چوک رکھ دیا گیا۔دو روز کے دوران پی آئی بی کالونی ،لائنز ایریا، شاہ فیصل کالونی، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، سمیت  شہر کے مختلف علاقوں میں ایم کیو ایم  کے دس سے زائد غیرقانونی سیکٹر اور یونٹ آفس مسمار یا سیل کردیئے گئے ہیں۔

Read Comments