ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی خدمات لائق تحسین قرار

شائع 26 اگست 2016 05:25pm

 

راولپنڈی :آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے انسداد دہشت گردی کی جنگ میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کو پوری تندہی کیساتھ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہو گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آرمی میڈیکل سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ کیا۔انہوں نے یادگار شہدا پرحاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول بھی چڑھائے۔

اس موقع پر آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ سمیت ہر کڑے وقت اور زمانہ امن میں شعبہ صحت کی بہتری میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف نے کلیدی کردار ادا کیا۔

آرمی چیف نے اسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے خصوصاً جگر کی پیوندکاری اور اعضاء کی جراحی کے مراکز کے قیام کو سراہا۔

آرمی چیف نے زور دیا کہ جس تیزی سے طبی سائنس ترقی کررہی ہے، ڈاکٹرز کو بھی پوری تندہی کیساتھ جدید تقاضوں کیساتھ ہم آہنگ کرنا ہوگا۔

Read Comments