Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:پاناما لیکس کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ۔
پاناما لیکس پر عدالت عظمیٰ میں دائر درخواست میں چیئرمین نیب و چیئرمین ایف بی آر ، سیکریٹری قانون و سیکریٹری داخلہ ، وزیراعظم نواز شریف ، مریم نواز ، حسن نواز اور حسین نواز سمیت کیپٹن صفدر اور اسحاق ڈار کو فریق بنایا گیا ہے ۔
پی ٹی آئی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وزیراعظم اور وزیر خزانہ کی بطور منی لانڈرر شناخت ہوگئی ۔ وزیراعظم نے بچوں کے نام پر آف شور کمپنیاں بنائیں اور ظاہر کیے بغیر دبئی میں اسٹیل ملز لگائیں ۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے نہ صرف اثاثوں کی غلط معلومات فراہم کیں بلکہ وہ ٹیکس ادائیگی میں بھی ناکام رہے ۔ وزیراعظم نے اسمبلی میں اثاثوں کی غلط بیانی کی ۔ وہ قومی دولت لوٹنے میں ملوث ہیں ۔ وزیراعظم کے اقدام سے پاکستانی عوام کے وقار کو نقصان پہنچا ۔
نواز شریف نے پارلیمانی نظامِ جمہوریت کا بھی مذاق اڑایا ۔ اور مختلف قومی منصوبوں سے اربوں ڈالر کمائے ۔ میاں نواز شریف نے بطور وزیراعظم کمیشن لے کر اپنے عہدے سے بد عہدی کی ۔ پاناما لیکس میں تمام الزامات وزیراعظم کے اہلخانہ پر ہیں ۔
پاناما لیکس معاملے میں وزیراعظم اور بچوں کے بیانات میں بھی تضاد ہے ۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نواز شریف ، اسحاق ڈار اور کیپٹن صفدر کو نااہل قرار دیا جائے اور لوٹی ہوئی رقم اور بیرون ملک بنائی گئی جائیدادیں واپس لائی جائیں ۔
درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین نیب کو میگا کرپشن کی تحقیقات کے حکم کے ساتھ ساتھ چیئرمین ایف بی آر کو ان کے اثاثوں سے متعلق مکمل چھان بین کا حکم دیا جائے ۔
پی ٹی آئی نے عدالت نے وزیراعظم اور ان کے اہلخانہ کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی بھی استدعا کی ہے ۔