کراچی :منتخب میئروسیم اختر اور ڈپٹی میئر ارشد ووہرا کل حلف اٹھائیں گے

شائع 29 اگست 2016 05:10pm

کراچی :کراچی کے منتخب میئر وسیم اختر اور ڈپٹی میئر ارشد ووہرا کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے،لیکن حلف برداری سے قبل ہی ان کی راہ میں کئی رکاوٹیں ان کا انتظارکررہی ہیں، پی ٹی آئی نے عدالت میں وسیم اختر کی نااہلی کی درخواست دائر کردی ہے۔

 دو شہریوں نے مقامی عدالت میں بھی وسیم اختر کو بطور میئر حلف لینے سے روکنے کی درخواست دائر کی تھی، جو عدالت نے مسترد کردی ۔

کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کی حلف برداری کل باغ جناح میں ہوگی،تمام تر تیاریاں مکمل ہیں،ریٹرننگ افسر نے وسیم اختر کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیئے ہیں،کراچی کے میئر کل عدالت سے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے پہنچیں گے،لیکن اس مرحلے کے بعد وسیم اختر کیلئے عشق کے امتحان اور بھی ہیں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں وسیم اختر کی بطور میئر نااہلی کی درخواست دائر کردی گئی ہےجبکہ دو شہریوں نے بھی عدالت میں وسیم اختر کے بطور میئر نامزد ہونے کو چیلنج کردیا ہے۔مقامی عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ جس جماعت نے وسیم اختر کو میئرنامزد کیا وہ دہشت گردی میں ملوث ہے،وسیم اختر سانحہ بارہ مئی میں ملوث ہونے کا اعتراف کرچکے ہیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے علاج کے مقدمے میں وسیم اختر جیل میں ہیں،وسیم اختر کی حلف برداری روکی جائے اورعہدے کیلئے نااہل قرار دیا جائے،تاہم عدالت نے میئرکراچی کی تقریب حلف برداری روکنے کی درخواست مسترد کردی،عدالت نے درخواست کی سماعت دائرہ اختیار سے باہر قرار دی ہے۔لیکن اس کے علاوہ وسیم اختر اور ارشد ووہرا کو دیگر مراحل طے کرنا ابھی باقی ہے۔

Read Comments