این ایف سی بورڈ کا آئندہ اجلاس اکتوبر میں منعقد ہونے کا امکان

شائع 30 اگست 2016 04:10pm

وزیر خزانہ اسحاق ڈار  نے کہا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ کا آئندہ اجلاس اکتوبر میں منعقد ہوگا ، این ایف سی ششماہی رپورٹ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں پیش کی جائے گی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت این ایف سی ششماہی جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرائے خزانہ ، وزیر اعلی سندھ سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری خزانہ نے بریفنگ دیتے ہوے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں وفاق کی وصولیاں ایک ہزار چار سو انتالیس ارب روپے رہی، صوبوں کو گیس و تیل کی رائلٹی و سرچارج کی مد میں  پچاس ارب روپے دئیے گئے ہیں۔ چھ ماہ میں پنجاب کو قابل تقسیم پول سے چار سو تیرہ ارب روپے دئیے گئے۔

 سیکرٹری خزانہ وقار مسعود نے بتایا کہ وفاقی پول سے سندھ کو  ایک سو چھیانوے ارب اور کے پی کے کو  ایک سو سترہ ارب روپے ملے۔ قابل تقسیم پول سے بلوچستان کو  ایک سوتہتر ارب جبکہ اضافی ساڑھے انیس ارب روپے بھی دئیے گئے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوے سیکرٹری خزانہ کا کہنا تھا کہ کسی صوبے نے وسائل کی تقسیم پر اعتراض نہیں کیا، این ایف سی ایوارڈ کے آئندہ سہ ماہی بنیادوں پر ہونگے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ کا آئندہ اجلاس اکتوبر میں منعقد ہوگا، این ایف سی ششماہی رپورٹ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں پیش کی جائے گی۔

Read Comments