حکومت کاستمبرمیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقراررکھنےکا فیصلہ

اپ ڈیٹ 31 اگست 2016 10:14am

اسلام آباد:حکومت نے نئے ماہ میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سارک ممالک میں سڑک اور ریل رابطوں کے معاہدہ کی منظوری دیدی ، وفاقی کابینہ نے سوئسٹزرلینڈ سے بنکنگ معلومات کیلئے عالمی تنظیم کا رکن بننے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا، کابینہ نے 5 روپیہ کا سکہ بدلنے اور 10 روپے کا سکہ جاری کرنے کی منظوری دی، جنوبی ایشیائی ممالک میں بین الاقوامی سڑک اور ریل رابطوں کیلئے سارک معاہدہ کی منظوری دی گئی۔

 وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ بنکنک معلومات کے تبادلے کے لئے سوئس حکومت سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔

کابینہ نے پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں مسلسل پانچویں ماہ ستمبر میں بھی برقرار رکھی ہیں۔چین کے ساتھ دہرے ٹیکسوں سے بچاؤ اور آمدن پر ٹیکس بچانے کو روکنے کیلئے معاہدہ کی منظوری دی گئی۔

 وزیرخزانہ کا کہناتھاکہ وزیراعظم کے اختیارات سے متعلق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلہ سے حکومتی نظام مفلوج ہوا ہے، اس پر نظرثانی کی اپیل درخواست دائر کی جائے گی۔

کابینہ نے پائیدار ترقی کے اہداف کی خاطر وزیراعظم کے پروگرام اور مہلک امراض میں مبتلا مستحق افراد کیلئے صحت پروگرام کی منظوری بھی دی، ٹیکس کے نان فائلرز کیلئے ود ہولڈنگ ٹیکس کی جاری شرح 31 دسمبر تک بڑھادی گئی ہے ۔

Read Comments