جان کیری کےبھارت میں بیانات سے پاکستان کی بدنامی نہیں ہورہی،سرتاج

اپ ڈیٹ 01 ستمبر 2016 08:01am

اسلام آباد:وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ امریکی وزیرخارجہ جان کیری کے بھارت میں بیانات سے پاکستان کی بدنامی نہیں ہو رہی،پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں،بھارت چاہتا ہے پاکستان اس کا کریڈٹ نہ لے۔

مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ پاکستان عالمی تنہائی کا شکار ہو رہا ہے اور کہا کہ جس طرح کی نئی صف بندیاں ہو رہی ہیں پاکستان اس میں صحیح جانب کھڑا ہے۔

 امریکی وزیرخارجہ کے دورہ بھارت کے دوران بیانات پر مشیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ان سے پاکستان کی بدنامی نہیں ہورہی، جان کیری جب بھارت میں ہوں گے تو کچھ اور بیان دیں گے لیکن پاکستان میں ان کابیان کچھ اورہوگا۔ امریکا سمیت عالمی برادری کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی مذمت کی بجائے صرف تشویش کا اظہار کرنے پر مایوسی ہوئی۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے حقانی نیٹ ورک سمیت تمام گروپوں کےخلاف بلاتفریق کارروائی کی اور تین برس میں دہشت گردی کے خلاف ایسی کامیابیاں حاصل کیں،جودنیا میں کوئی نہیں کرسکا۔

 سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ بھارت کی خواہش ہے کہ پاکستان کو اس کا کریڈٹ نہ ملے۔ امریکا کی پالیسی چین کے بڑھتے ہوئے اثر کو روکنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اور امریکا کے درمیان تعاون میں اضافہ ہو رہا ہے۔ کشمیر کا مسئلہ دنیا نے نہیں،کشمیریوں نےخودحل کرنا ہے،جولوگ خون دینےکوتیارہوجائیں ان کوکوئی نہیں دباسکتا ہے۔امریکاسمیت دنیانےمقبوضہ کشمیرمیں جاری مظالم کی مذمت نہیں کی۔

 مشیرخارجہ نے کہا کہ جماعت الدعوۃ جیسی تنظیموں کےخلاف آہستہ آہستہ کارروائی کررہےہیں، جماعت الدعوۃ سےمتعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کونافذ کیاجارہاہے۔حافظ سعید،ذکی الرحمان لکھوی پرپابندیاں ہیں۔

Read Comments