ممبئی:انڈیا میں عام طور پر حاملہ خواتین کو گراؤنڈ کردیا جاتا ہے،یعنی انہیں گھر سے باہر نہ جانے کی ہدایت دی جاتی ہیں اور آرام کرنے کیلئے کہا جا تا ہے،لیکن بولی وڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور خان اس وقت حاملہ ہیں اور مسلسل کام کررہی ہیں۔
ابھی چند روز پہلے ہی کی بات ہے کرینہ کپور نے ممبئی کے ایک فیشن شو میں شرکت کی تھی اور ریمپ پر بھی بطور ماڈل پیش ہوئی تھی۔
کرینہ کپور ممبئی میں ایک ایونٹ کے دوران میڈیا سے بھی مخاطب ہوئیں اور کہا ’میں کیریئر والی خاتون ہوں اور میں تو کام پر جاؤں گی، اور جب تک کردار ملیں گے کام کروں گی۔‘
دوران حمل آرام کرنے سے متعلق جب ان سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا: ’آپ کو کیسے پتہ کہ میں آرام نہیں کرتی؟ میں دن میں کام کرتی ہوں اور رات میں آرام کرتی ہوں، مجھے تو کوئی تکلیف نہیں ہے۔‘
کرینہ کپور نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا: ’دیکھیے، اگر کوئی میرے پاس کوئی رول لے کر آئے گا تو وہ رول تو میں کروں گی، میرے حاملہ ہونے سے میرے کام پر کوئی اثر پڑتا ہو ایسا مجھے نہیں لگتا۔‘
کرینہ نے کہا کہ وہ اپنی زندگی کے اس موڑ کا بھر پور لطف اٹھا رہی ہیں اور ان پر کسی بھی چیز کا دباؤ نہیں ہے۔
انھوں نے کہا: ’میں اس وقت کو انجوائے کر رہی ہوں، میں اب پہلے سے بھی اچھی دکھائی دے رہی ہوں، لوگوں نے مجھ سے کہا کہ چہرے پر چمک ہے اور میرے بال بھی اس وقت سب سے اچھے ہیں، تو مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے۔‘
بشکریہ:بی بی سی اردو