لاہور:بارش سے جگہ جگہ پانی جمع،شہری پریشان

شائع 01 ستمبر 2016 03:04pm

لاہور:لاہور میں ہونے والی موسلا دھار بارش ایک بار پھر حکومتی انتظامات اور دعوؤں کو بہا لے گئی۔برساتی پانی سے شہری تو اذیت کا شکار رہے ، مگر افسر شاہی کی بدولت بچوں کو نہانے کیلئے سوئمنگ پول دستیاب ہو گیا۔

صوبائی دارالحکومت میں آج دن کا آغاز تو سورج کی خوبصورت کرنوں سے ہوا مگر دیکھتے ہی دیکھتے کالی گھٹاؤں نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، پھر برکھا رت ایسی برسی کہ شہر پانی پانی ہو گیا، ندی نالوں کا منظر پیش کرتی سڑکوں کے کنارے، بے بسی کا مجسمہ بنے شہری، پانی میں بہتے حکومتی دعوؤں کو حسرت بھری نگاہوں سے دیکھتے رہے۔

شہری پانی کے ریلوں کو عبور کرکے امور زندگی سرانجام دینے کی سعی کرتے رہے۔ مگر بچے افسر شاہی کی بدولت بننے والے سوئمنگ پولز میں نہا کر موسم سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔محکمہ موسمیات آنے والے دنوں میں بھی بارشوں کے سلسلے میں شدید اضافے کے خطرات سے آگاہ کر رہا ہے۔

Read Comments