Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
پشاور :پشاور ایک بار پھر فائرنگ سے گونج اٹھا ۔ دہشت گردوں نے ورسک روڈ پر واقع کرسچن کالونی میں حملہ کردیا۔فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی ہوئے۔ فورسز کے ساتھ مقابلے میں چاروں دہشت گرد مارے گئے ۔
پشاور میں بزدل دہشت گردوں نے ایک بار پھر نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ، جدید اسلحہ سے لیس 6 دہشت گرد 5 بج کر 50 منٹ پر ورسک روڈ پر واقع کرسچن کالونی میں داخل ہوئے اور سب سے پہلے وہاں موجود سیکیورٹی گارڈز کو نشانہ بنایا ۔
دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک خاکروب جاں بحق ہوگیا جبکہ وہاں موجود 5 افراد زخمی ہوئے ،زخمی ہونے والوں میں 2 ایف سی اہلکار ، 2 سیکیورٹی گارڈ اور ایک پولیس اہلکار شامل ہے ۔
دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی فورسز فوری حرکت میں آگئیں اور بھاری نفری کرسچن کالونی پہنچ گئی ۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے کرسچن کالونی میں داخل ہوتے ہی وہاں موجود گارڈز کو سب سے پہلے نشانہ بنایا ۔
فورسز کے ساتھ مقابلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے فورسز پورے علاقے میں پھیل گئیں اور چپہ چپہ چھان مارا جبکہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضا سے مسلسل نگرانی کی جاتی رہی۔
ذرائع کے مطابق ،فورسز اس دوران 2 دہشت گردوں کو پکڑنے میں کامیاب ہوگئیں ، دہشت گرد مسلسل افغانستان میں موجود اپنے ساتھیوں سے رابطے میں تھے اس سلسلے میں شواہد بھی مل گئے ہیں۔