پشاورورسک روڈحملہ:وزیراعظم اور آرمی چیف نےفورسزکی کارروائی کو سراہا

اپ ڈیٹ 02 ستمبر 2016 10:29am

اسلام آباد:وزیراعظم نوازشریف اورآرمی چیف نےپشاور ورسک روڈ حملے کے بعد سیکیورٹی فورسزکی فوری اور مؤثر کارروائی کو سراہا ہے۔

وزیراعظم نوازشریف نے پشاورورسک روڈ پر دہشت گردوں کے خلاف فوج ، ایف سی اورپولیس کی فوری کارروائی پراظہاراطمینان کیا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسزکا دہشتگردوں کے حملے کوناکام بنانا قابل تحسین ہے۔سیکیورٹی فورسزنے عوام کے جان ومال کے نقصان کے بغیرکامیاب کارروائی کی۔ سیکیورٹی فورسزکی صلاحیت اوراستعدادکارمیں اضافہ قابل تعریف ہے۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی فوج، ایف سی اور پولیس کو دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی پرخراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسزکی مؤثر کارروائی کرکے شہریوں کی جان بچالی۔

ادھرپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ،پشاورکے علاقے وارسک کی کرسچن کالونی میں دہشت گردوں کے حملے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز بروقت حرکت میں آئیں  اورچاروں دہشتگردوں کو گھیرے میں لے لیا گیا۔

 سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہواجس کے نتیجے میں چاروں دہشت گرد مارے گئے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق ،دہشت گردوں کا نشانہ ورسک روڈ پر واقع کرسچن کالونی تھی۔ دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس ، اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا ہےجبکہ سیکیورٹی فورسزنے گھرگھرتلاشی کے بعد علاقے کوکلیئرقراردے دیا ہے۔

Read Comments