تحریک انصاف نے ایک بار پھر حکومت کے خلاف طبل جنگ بجا دیا ۔ مسلم لیگ نون کے گڑھ لاہور میں تحریک انصاف نے بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے اور احتساب ریلی چیئرنگ کراس کی جانب رواں دواں ہے ۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ نوازشریف ہمارے وزیراعظم ہیں،انکے احتساب تک سڑکوں پر رہیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف اگر دو ہزار اٹھارہ کا الیکشن نہ جیتے تو جیل جائیں گے۔ انہوں نے ریاستی اداروں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ادھر تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اور کنٹینرز لگا کر راستے بند کر دیئے گئے۔
پی ٹی آئی ریلی نے چیئرنگ کراس کا سفر شاہدرہ سے شروع کیاجہاں تحریک انصاف کے کھلاڑی بڑی تعداد میں پہنچ گئے۔لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں اور خیبرپختونخوا سے بھی ٹائیگرز پہنچنا شروع ہوئے۔
ایک بار پھر کنٹینر پر عمران خان سمیت پی ٹی آئی کی قیادت کھڑی ہو گئی۔اس موقعے پر عمران خان نے وزیراعظم پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ تمام غریب ملکوں میں نوازشریف جیسے کرپٹ وزیراعظم بیٹھے ہیں۔میاں صاحب،پاناما پیپرز کو نہ ہم بھولیں گے اور نہ بھولنے دیں گے۔
عمران خان نے وزیراعظم کیخلاف چارج شیٹ بھی پیش کی عمران خان نےنیب کے چیئرمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہ کہا کہ کان کھول کرسن لیں۔آپ نے اللہ کو جواب دینا ہے،نوازشریف کو نہیں
کپتان نے ایف بی آر کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور الیکشن کمیشن کو بھی نہ بخشا۔
دھواں دھار تقاریر کے بعد احتساب ریلی اپنی منزل چیئرنگ کراس کی جانب روانہ ہوئی،ریلی کی گزرگاہوں پر بھی کارکنوں کی بڑی تعداد استقبال کیلئے موجود رہی۔
چیئرنگ کراس پر بھی کارکن ریلی کے استقبال کے لئے بھرپور تیاریوں کے ساتھ موجود ہیں۔عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک انصاف نہ ملا ہم سڑکوں پر رہیں گے۔ کپتان چیئرنگ کراس پہنچ کر آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔
ادھر تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران حکومت کی جانب سے سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے اورمختلف سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔