قصاص مارچ روکنے کیلئے راولپنڈی کو سیل کرنے کا الزام

شائع 03 ستمبر 2016 05:02pm

اسلام آباد:عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ حکومت نے قصاص اور سالمیت پاکستان مارچ کے خوف سے پورے راولپنڈی کو اس طرح سیل کردیا ہے لیکن اگر مارچ میں شرکت سے روکا گیا تو حالات کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔

قصاص اور سالمیت پاکستان مارچ میں شرکت کے لئے اسلام آباد ٹول پلازے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ دراصل ہمارا مارچ پاکستان کو بچانے کے لئے ہے، مارچ ہمارا جمہوری، آئینی اور قانونی حق ہے جس طرح وزیراعظم نواز شریف گزشتہ دور حکوت میں احتجاج کرتے رہے ہیں بالکل اسی طرح ہم بھی پر امن مارچ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلسل اطلاعات مل رہی ہیں کہ حکومت نے پورے راولپنڈی شہر کا محاصرہ کر رکھا ہے، ہمارے مارچ کو ناکام بنانے کے لئے سیکیورٹی کے نام پر ہر طرف کنٹینر لگا دیئے گئے ہیں اور تمام سڑکیں اور شاہراہیں اس طرح بند کر دی گئی ہیں کہ ایک مکھی بھی مارچ میں شرکت نہ کر سکے۔

 انہوں نے کہا کہ اس ملک میں آئین کو آزاد کرانا ہے، ہمیں اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے، اور اس ملک کے غریب عوام کو ان کا حق دینا ہے۔

Read Comments