عمران خان پر پرویز رشید کی تنقید

شائع 03 ستمبر 2016 05:36pm

اسلام آباد:وزیر اطلاعات پرویز رشید  نے کہا ہے کہ عمران خان کو الیکشن میں ووٹ نہیں ملتے جس کا وہ عوام سے انتقام لیتے ہیں ۔ تین افراد حکومت کے خلاف تحریک چلا رہے ہیں اور انکے کچھ سہولت کار ہیں جو انکی خفیہ ملاقاتیں کراتے ہیں ۔ اگر عمران خان احتساب میں سنجیدہ ہیں تو قانون بنانے میں حکومت کی مدد کریں۔

عمران خان کی احتساب ریلی نے حکومتی صفوں میں بے چینی پیدا کردی۔ن لیگی رہنما بھی تحریک انصاف پر جوابی وار کر رہے ہیں۔لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پرویزرشید عمران خان پر برس پڑے اورکہا پنڈی اور لاہور میں احتجاج کے باعث اربوں کا نقصان ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ووٹ نہ دینے پر پاکستان کے عوام سے انتقام لے رہے ہیں۔پرویزرشید نے الزام عائد کیا کہ عمران خان، طاہرالقادری اور شیخ رشید خفیہ ملاقاتیں کرتے ہیں۔ان تینوں کے سہولت کار بھی ہیں جو انہیں ملاتے ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ احتساب کا جامع مسودہ نیشنل اسمبلی اور سینیٹ میں جمع کرایا جاچکا ہے،اگرعمران خان احتساب میں سنجیدہ ہیں تو قانون بنانے میں مدد کریں لیکن وہ وہ ایسا احتساب چاہتے ہیں جو ان کا انتخابی مقابلہ کرنے والوں کو راستے سے ہٹا دے۔

Read Comments