عمران خان نےوزیراعظم نوازشریف سے4 سوالات کے جواب مانگ لیے

اپ ڈیٹ 04 ستمبر 2016 09:22am

لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف سے 4سوالات کے جواب مانگ لیے۔ کہتے ہیں کہ اگر جواب نہ ملا توعید کے بعد رائیونڈ کا رخ کریں گے ۔

لاہور میں احتساب ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ایک بار پھر وزیراعظم نواز شریف کو آڑے ہاتھوں لیا۔

 کپتان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اُن کے چار سوالات کے جوابات دیں ۔ جوابات نہ ملے تو عید کے بعد اگلا پڑاؤ رائیونڈ میں وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر ہوگا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ اپوزیشن کے ٹی آر اوز تسلیم کریں اور تحقیقات کرائیں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ وہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے فیلڈ مارشل بنانے کی پیشکش کو مسترد کردیا ہے۔

عمران خان نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ وزیراعظم کا نام ای سی ایل میں ڈال کر بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کرے۔ احتساب ریلی کا آغاز شاہدرہ سے کیا گیا تھا جو اندرون لاہور کے مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی چیئرنگ کراس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔

Read Comments