وزیر اعلیٰ سندھ کی لاہور میں این ایف سی کمیشن کے اجلاس میں شرکت

اپ ڈیٹ 05 ستمبر 2016 07:41am

لاہور:وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لاہور میں این ایف سی کمیشن کے اجلاس میں شرکت کی اور 8ویں این ایف سی ایوارڈ کےلئے تجاویز دیں۔

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ وزارت اعلی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار لاہور پہنچے تو ایئر پورٹ پر صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود اور دیگر سرکاری افسران نے ان کا شاندار استقبال کیا۔

ایئرپورٹ سے نکلنے کے بعد مراد علی شاہ نے معروف صوفی بزرگ حضرت علی ہجویری رحمت اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

جس کے بعد وزیراعلٰی سندھ گورنر ہاؤس لاہور پہنچے اور  گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے ملاقات کی۔جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر ہاؤس سے سید مراد علی شاہ نے بحیثیت وزیر خزانہ سندھ لاہور میں ہونے والے نیشنل فنانس کمیشن کے اجلاس میں شرکت کی اور 8ویں  این ایف سی ایوارڈ کے لئے وفاقی محصولات سے سندھ کے حصے سے متعلق اپنی تجاویز دیں۔

مراد علی شاہ دورہ لاہور کے دوران وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔

Read Comments