ملک بھر میں یوم دفاع ملی جوش وجذبے سے منایا جارہاہے

اپ ڈیٹ 06 ستمبر 2016 06:07am

اسلام آباد:ملک بھر میں یوم دفاع ملی جوش وجذبے سے منایا جارہاہے، 6 ستمبر 1965 کے دن پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے حریف کو ناکو چنے چبوادیئے تھے، وطن کی دفاع پر ایک ایک سپاہی اور قوم کا ایک ایک بچہ سیسہ پلائی دیوار بن گیا تھا، ہر 6 ستمبر کا دن قوم کو اس ملک پر جان نچھاور کرنے  کا نیا سبق دیتا ہے۔

چھ ستمبر 1965ایک ایسا دن جب قوم کے جانباز سپوتوں نے بھارت کی خواہشات کا جنازہ نکال دیا،7ستمبر کو لاہور کو فتح کر کے جیم خانہ میں ناشتہ کرنے کی خواہش نے دشمن کو ایسی شکست اور ذلت سے دوچار کیا جو اسے ہر آنے والا ستمبر یاد کراتا رہے گا۔

اس دن قوم اور پاک فوج نے ہاتھ تھام کر ملک کا دفاع کرتے ہوئے بہادری کی داستانیں رقم کردیں۔6 ستمبرکو اپنے ان شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے قوم یوم دفاع مناتی ہےاپنی قربانیوں اور خون سے اس دھرتی کو سینچنے والے ان جفاؤں کے پیکروں کو سلام پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں تقریبات کا انعقادہوتا ہے۔

دھرتی کو دہلاتے، پانی کا سینہ چیرتے اور آسمان کی بلندیوں کو چھوکر قوم کے بیٹے دفاع پاکستان کے ناقابل تسخیر ہونے کا ثبوت دیتے ہیں،قوم ان شہداء کی قربانیوں کو یاد کر کے دفاع کے نئے عزم  کی تجید کرتی ہے۔

Read Comments