Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک كا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے ۔ مسلح افواج مستقبل كے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہے اور پاكستان جدید جنگی ہتھیاروں میں خود انحصاری كی منزل بھی حاصل كرچكا ہے۔
یوم دفاع پر جاری پیغام میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر کو پاكستان كی تاریخ میں ایک روشن اور ولولہ انگیز دن كے طور پر ہمیشہ یاد ركھا جائے گا، جب بہادر افواج نے قوم كے شانہ بشانہ مل کر دشمن كے عزائم كو خاک میں ملا دیا تھا۔ پوری قوم جرت کے اظہار پر بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش كرتی ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں،جرات و بہادری اور جدت کے سفر پر فخر ہے ۔۔ آج ضرب عضب نے دشمن کی کمر توڑ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع اور مسلح افواج مستقبل كے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں، جدید جنگی ہتھیاروں میں ملک خود انحصاری كی منزل حاصل كرچكا ہے۔ ایٹمی پروگرام ، حتف میزائل سیریز، الخالد و الضرار ٹینک، جے ایف سیونٹین تھنڈر طیارے اور آگسٹا آبدوزیں قوم کے مضبوط دفاع كی ناقابل فراموش علامات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کشمیر میں بھارتی مظالم پر خاموش رہنا بھی ظلم ہے۔ نہتے کشمیریوں کی آنکھوں میں چھرے مارنے والوں کے دل انسانیت کے درد سےعاری ہیں۔ کشمیر میں بھارتی افواج کا ظلم و جبر مظالم کی آخری حد ہے۔