Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
راولپنڈی:آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ایکشن پلان پر پورے ملک میں عمل کیا جائے،نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے قوانین اور نظامِ انصاف کی کمزوریاں دور کی جائیں۔
جی ایچ کیو راولپنڈی میں 6 ستمبر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنےکی تقریب سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کے بلاامتیاز خاتمے کے اہداف حاصل کرلیے گئے ہیں یہ آپریشن قومی بقا کی جنگ ہے، شہدا ءکی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دیں گے۔
https://youtu.be/0zT1jVfElHU
جنرل راحیل شریف نے کہا کہ سنگین جرائم اور کرپشن کا گٹھ جوڑ امن کے حصول کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، ایکشن پلان پر پورے ملک میں عمل کیا جائے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے قوانین اور نظام انصاف کی کمزوریاں دور کی جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ دوستوں اور دشمنوں کو خوب پہچانتے ہیں،سی پیک منصوبے کی بروقت تکمیل چاہتےہیں کسی بیرونی طاقت کو سی پیک کی راہ میں رخنہ ڈالنے نہیں دیں گے اور ایسی ہر کوشش سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔
آرمی چیف نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے ، مقبوضہ کشمیر کے عوام حقوق کی خاطر ظلم کا نشانہ بن رہے ہیں، تحریک آزادی کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب سے پہلے ملک کے کئی حصوں میں ریاستی عمل داری نہ ہونے کے برابر تھی، آج وطن عزیز کا کوئی علاقہ سبز ہلالی پرچم کے سائے سے محروم نہیں ہے۔