Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
شکار پور:شکار پور میں عیدگاہ میں خودکش بم دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران 18 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔
شکارپور عید گاہ خودکش دھماکے کا مقدمہ تھانہ خان پور میں درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمہ سید محمد شاہ کاظمی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے میں عبدالرحمان، محمدعثمان، حفیظ، عمر سمیت 6 دہشت گردوں کو نامزد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب دھماکے کے دوسرے روز بھی پولیس کا شکارپور کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ مختلف چھاپوں کے دوران 18 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جنھیں مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
گزشتہ روز شکار پور کے علاقے خانپور کی عید گاہ میں خود کش حملے میں 3 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ شہریوں نے ایک حملہ آور کو خودکش جیکٹ سمیت پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔