ملتان :ملتان میں بچہ جنکشن کے قریب عوام ایکسپریس اورمال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق ہوگئے،حادثے میں 90سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔
پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس ملتان کے قریب بُچہ جنکشن پر کھڑی مال گاڑی سے جاٹکرا ئی۔خوفناک حادثے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے اور 90 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
حادثے سے قبل بچہ جنکشن پر مال گاڑی کی زد میں آکر ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا جس کے باعث مال گاڑی ٹریک پر رکی ہوئی تھی۔ مبینہ طور پرعوام ایکسپریس کا ڈرائیور سگنلز کی پرواہ کیے بغیر گاڑی ٹریک پر چلاتا رہا۔ جس کی وجہ سے عوام ایکسپریس ٹریک پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکراگئی۔
https://youtu.be/JNwT3bLAILg
حادثہ اتنا شدید تھا کہ عوام ایکسپریس کی چار بوگیاں الٹ گئیں جبکہ مال گاڑی کا بھی بڑا حصہ تباہ ہوا۔
حادثے کے فوری بعد ریسکیو 1122 کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کونشتراسپتال منتقل کردیا گیا۔ جس کے بعد اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ جہاں 8 زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں گھوٹکی کا رہائشی غلام حسین اور ضلع رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے ناصر اور سردار شامل ہیں جبکہ مال گاڑی کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والے شخص کی اب تک شناخت نہیں ہوسکی۔
ریلوے حکام نے عوام ایکسپریس کے مسافروں کو بذریعہ روڈ کراچی روانہ کردیا ہے۔حادثہ رات 3 سے 4 بجے کے درمیان پیش آیا تھا۔ جس کے بعد سے اب تک ٹریک ٹرینوں کی آمدورفت کیلئے بند ہے۔
ریلوے حکام نے دیگر شہروں سے آنے والی ٹرینوں کا روٹ تبدیل کردیا ہے۔ ٹرینوں کیلئے اب خانیوال اور بہاولپور کا ٹریک استعمال کیا جارہا ہے۔
حادثے کی انکوائری کے لیے ریلوے حکام نے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ جو ملتان پہنچتے ہی واقع کی تحقیقات شروع کرے گی۔ تاہم ذرائع کے مطابق دونوں گاڑیوں کے ڈرائیورز اور گارڈز کو معطل کردیا گیا۔