میاں چنوں: غیرت کے نام پر دو افراد قتل

شائع 15 ستمبر 2016 04:34pm

میاں چنوں:میاں چنوں کے نواحی علاقے چک نمبر چھپن حیدرآباد میں نام نہاد غیرت کے نام پر دو افراد کو قتل کر دیا گیا ۔ باپ نے بیٹے اور داماد کے ساتھ مل کر اپنی بیٹی اور اسکے مبینہ دوست کو درخت سے لٹکا کر پھانسی دے دی ۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

قانون سازی ہوئی، فلمیں بھی بنیں، انسانی حقوق کی تنظیمیں چیخ چیخ کر تھک گئیں لیکن ملک میں غیرت کے نام پر قتل کا سلسلہ نہ تھم سکا۔

پاکستان میں نام نہاد غیرت نے مزید دو جانیں لے لیں،میاں چنوں کے چک نمبر چھپن حیدرآباد میں تین بچوں کی ماں اور اسکے مبینہ دوست کو پھندہ لگا کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

قاتلوں میں لڑکی کا باپ، بھائی اور شوہر شامل ہیں،تینوں ملزمان نے خالدہ بی بی اور اسکے ماموں زاد ریاض کو گھر کے صحن میں درخت سے لٹکا کر پھانسی دے دی۔پولیس تھانہ تلمبہ کے مطابق مقتول مختار خالدہ سے ملنے آیا تھاجسے گھر میں دیکھ کر ملزمان طیش میں آگئے۔

جسکے بعد خالدہ کا اپنا ہی گھر اسکے لئے پھانسی گھاٹ بن گیا،پولیس نے لاشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے اسپتال منتقل کر کے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، تاہم پولیس نے گرفتاریوں کی تصدیق نہیں کی۔

Read Comments